جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

بلوچستان حکومت کی معطلی کا مطالبہ نہیں کیا: مجلس وحدت مسلمین

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما سید آغا رضا نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی گئیں کہ بلوچستان حکومت کی معطلی کا مطالبہ کیاگیا ہے، ہماری جانب سے بلوچستان حکومت کی معطلی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق رہنما ایم ڈبلیو ایم سید آغا رضا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے مچھ واقعے کے خلاف دھرنا دیا تھا، اور اس وقت جنازے بھی موجود نہیں تھے، اگلے دن لواحقین خود جنازے لے آئے اور دھرنے میں شریک ہوئے۔

ان کا کہنا تھا جو مطالبات پیش کیے گئے ہیں وہ لواحقین نے پیش کیے، ہم نے نہیں، بلوچستان حکومت کی معطلی کی بات نہیں ہوئی تھی، سوشل میڈیا پر غلط خبریں پھیلائی گئیں، بلوچستان حکومت کی معطلی کی کوئی بات نہیں ہوئی نہ مطالبہ تھا۔

ادھر آے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لواحقین کی داد رسی کے لیے ضرور کوئٹہ جائیں گے، صبح تک وزیر اعظم عمران خان کے کوئٹہ جانے کا بتا دیا جائے گا۔

سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی، کراچی میں 18 مقامات پر دھرنے جاری

شبلی فراز نے کہا کہ ہزارہ برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان حکومت مستعفی ہو جائے، دراصل ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی مظاہرین کے پاس اظہار یک جہتی کے لیےگئے تھے، بلوچستان حکومت ہزارہ برادری کی بھرپور مدد کرے گی۔

انھوں نے کہا ملک میں دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، کوئٹہ واقعہ دل خراش ہے، پوری قوم کو واقعے پر افسوس ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں