لاہور : سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ وائٹ کالر کرائم کے خلاف قانون اپ ڈیٹ کرنا پڑے گا، کرپشن سے بچنے کےلیے احتساب کا عمل واضح ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری عزت، میرا سب کچھ پاکستان سےہے، جو کچھ ملا وہ اس ملک کی محبت کی وجہ سے ملا ہے۔
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا ایماندار لیڈر شپ سے اللہ نے قوموں کو ترقی دی، کرپشن سے بچنا ہے تو احتساب کا عمل تیز کرنا ہوگا۔
اس سے قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے،پانی حیات ہے اس کےبغیرزندگی کاتصورنہیں، پانی قدرت کاتحفہ ہے، جس سے زندگی جڑی ہے۔
سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان پانی کی کمی سےمتعلق خطرناک دہانے پر ہے، پانی کی کمی کوکراچی میں محسوس کیا، کوئٹہ میں سماعت کررہا تھا تو پتہ چلا پانی کی سطح دو ہزار میٹر سے نیچے جا چکی ہے، اللہ نہ کرے اگر ہم نے اس کمی کو پورا نہ کیا تو کوئٹہ کے لوگوں کو وہاں سے ہجرت کرنا پڑ سکتی ہے۔
پاکستان پانی کی کمی سےمتعلق خطرناک دہانےپرہے،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار
سابق چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا چاند پر پہنچ گئی ہم اپنے لئے پینے کے صاف پانی کا بندوبست نہیں کر سکے، اب یہ زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے، پانی کے وسائل بہت محدود ہیں، جب تک اس مسئلہ کی جانب نظر نہیں ڈالیں گے ہم پانی کی قلت کا شکار رہیں گے، انڈس واٹر ٹریٹی کے بعد تو ہمارے پاس پانی کے وسائل بہت ہی کم رہ گئے ہیں، کیا ہم اپنے ملک کو اتھوپیا بنانا چاہتے ہیں۔