اسلام آباد : یونس خان نے ٹیسٹ کیریئر میں دس ہزار رنز مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔
وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹ روم میں تاریخی ریکارڈ بنانے کے بعد کسی بھی چینل کو پہلا انٹرویو دے رہے تھے انہوں نے کہا کہ 10 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والا پہلا پاکستانی ہوں جس پر بے حد خوشی محسوس کررہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مزید پاکستانی یہ سنگ میل عبور کریں جس کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کو مزید پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے اور میری ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ اپنے جونیئرز کو راستہ دوں اس لیے اسد شفیق اور دیگر کھلاڑیوں کوہمیشہ آگے بڑھنے کی ہمت دیتا ہوں۔
یونس خان کے مکمل انٹرویو کی ویڈیو خبر کے آخر میں دیکھیں
یونس خان نے دس ہزار رنز کا ریکارڈ بنانے پر کہا کہ صبر کا پھل میٹھا ہوتا ہے اور 10 ہزار رنز کے لیے مجھے کافی انتظار کرنا پڑا دراصل یہ صبر اور لگن ہوتا ہے جو بڑے ریکارڈ بنواتا ہے۔
انہوں نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستانی ٹیم میں آیا تو ڈریسنگ روم میں دنیا کے بہترین کرکٹر موجود تھے مجھے سعید انور، راشد لطیف، باسط علی اور محمد یوسف جیسے بلے باز ملے جب کہ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بولرز کے ساتھ کھیلا ہوں اس لیے خود کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ مجھے ذہن اور باصلاحیت دوست اور سینئرز ملے۔
دس ہزار رنز مکمل کرنے والے یونس خان کا کہنا ہے کیرئیر میں سب کچھ حاصل کرلیا ہے صرف ویسٹ انڈیز میں نہیں جیتے اس لیے خواہش ہے کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز جیت کر جائیں۔
واضح رہے یونس خان دنیا کے 13 ویں بیٹسمین ھیں جنہوں نے دس ہزار رنز یا اس سے زائد زنز بنائے جب کہ وہ پہلے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے یہ معرکہ سر کیا اس کے علاوہ وہ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریاں، 11 ملکوں میں سنچری بنانے کا منفرد ریکارڈ اور ٹیسٹ میچ کھیلنے والی نو کی نو ٹیموں کے خلاف سینچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔