انقرہ: ترکی میں چار دن قبل نمودار ہونے والا پُر اسرار دھاتی ستون اچانک غائب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے قدیم ترین مقام پر پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہونے کے چار روز بعد غائب ہو گیا ہے، جس نے ماہرین کو پریشان کر دیا۔
دنیا کے مختلف علاقوں میں نمودار ہونے والے پُر اسرار دھاتی ستونوں کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا ہے، یہ ایک عالمی پہیلی بن چکی ہے، پر اسرار دھاتی ستون کہاں سے آتے ہیں اور کہاں چلے جاتے ہیں، کچھ معلوم نہیں کیا جا سکا ہے۔
جمعے کو ترکی کے جنوب مشرقی صوبے سنیلورفا میں قائم دنیا کے قدیم ترین مندر کے قریب بھی پُر اسرار دھاتی ستون نمودار ہوا تھا جس کی لمبائی 10 فٹ کے قریب جب کہ چوڑائی تین فٹ 2 انچ تھی۔
Mysterious #monolith found in #Turkey’s Gobeklitepe https://t.co/mUTVkagD7M pic.twitter.com/hgiS7OmQwh
— ANADOLU AGENCY (ENG) (@anadoluagency) February 7, 2021
دھاتی پلر پر گوک ترک کے الفاظ کندہ تھے جس کا مطلب ہے کہ اگر چاند کو دیکھنا ہے تو آسمان کی جانب دیکھنا ہوگا۔
اطلاع ملنے پر مقامی لوگ بڑی تعداد میں دھاتی پلر کو دیکھنے کے لیے آئے، کئی افراد اسے دیکھ کر خوف زدہ بھی ہوئے، مقامی لوگوں نے سرکاری محکمے سے رابطہ کر کے دھاتی پلر سے متعلق اطلاع دی، جس پر حکام نے وہاں سیکورٹی اہل کار بھی تعینات کیے۔
ترکی میں نمودار ہونے والے اس دھاتی ستون کی تحقیق کے لیے ماہرین نے اس کے نمونے بھی لے لیے تھے، تاہم اب یہ ستون اچانک غائب ہو گیا ہے۔