لندن: انگلینڈ کے ایک گاؤں میں مقامی افراد کو عجیب و غریب آواز سنائی دے رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا سونا مشکل ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انگلینڈ میں ویسٹ یارکشائر کے قریب ہیلی فیکس کے علاقے ہوم فیلڈ کے گاؤں میں ایک عجیب اور پراسرار آواز لوگوں کو سنائی دے رہی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شہد کی مکھی کی بھنبھناہٹ جیسی یہ آواز ہوتی تو دھیمی ہے لیکن مسلسل اس آواز سے بعض اوقات بڑی پریشانی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب تک اس کی وجہ یا یہ کہاں سے آتی ہے معلوم نہیں ہوسکا ہے، یہ آواز بہت تیز نہیں ہوتی لیکن اس سے ان کی نیند اور موڈ ضرور خراب ہوجاتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ آواز تمام مقامی لوگ تو نہیں سن سکے ہیں لیکن جنہوں نے اسے سننے کا دعویٰ کیا ہے ان کے مطابق اس سے ان کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
انگلش دیہات میں سنی جانے والی اس آواز سے متعلق شہ سرخیاں گزشتہ سالوں کے دوران اخبارات میں لگ چکی ہیں لیکن اب تک یہ پتہ نہیں چلا کہ یہ آواز کہاں سے آتی ہے۔
مقامی حکام نے اس حوالے سے تحقیقات کیں اور اس مقصد کے لیے ایک آزاد کنسلٹنٹ کا تقرر بھی کیا لیکن یہ پراسراریت ختم نہیں ہوئی اور اس کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔