لاہور : ڈی آئی جی شارق جمال کی پراسرارموت کامعمہ حل ہوگیا، فرانزک ایجنسی کا کہنا ہے کہ ممنوعہ ادویات کا استعمال ان کی موت کا سبب بنی۔
تفصیلات کے مطابق فرانزک ایجنسی نے ڈی آئی جی شارق جمال کی پراسرارموت کامعمہ حل کرلیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی آئی جی شارق جمال کی موت ممنوعہ ادویات کے استعمال سے ہوئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی شارق جمال کے دل کی شریانیں بھی بند تھیں ، ممنوعہ ادویات کے استعمال اور شریانیں بند ہونے سے دل کا دورہ پڑا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ شارق جمال کے جسم سے کسی قسم کے زہر کے شواہد نہیں ملے۔
یاد رہے جولائی میں ڈی آئی جی لاہور شارق جمال نشتر تھانے کی حدود میں واقع فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے جب کہ ان کی رہائش تھانہ ڈیفنس اے کے علاقے فیز فور میں تھی۔ لاش ملنے کے بعد پولیس نے شواہد جمع کرنے کے بعد مذکورہ فلیٹ کو سیل کر دیا تھا۔
پولیس نے وقوعہ کے بعد ایک مرد اور ایک خاتون کو حراست میں لیا تھا، جنہیں تفتیش کے لیے سی آئی اے سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں زیر حراست خاتون نے بتایا تھا کہ شارق جمال کا اہلیہ سے تنازع تھا اور وہ دوست کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔