مسلم لیگ (ن) کی قیادت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگراں سیٹ اپ میں وزیر اعظم بنانے کیلیے سرگرم ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ (ن) لیگ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو اسحاق ڈار کے نام پر راضی کرنے کیلیے کوششیں شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق لندن میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں نگراں سیٹ اپ کیلیے اسحاق ڈار کا نام زیرِ بحث آیا تھا، پیپلز پارٹی نے ابھی مکمل ہاں یا انکار نہیں کیا۔
ذرائع (ن) لیگ نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر اعظم بنانے کا مقصد معاشی پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے، مشاورت کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا اور امکان ہے کہ متفقہ فیصلہ ہو جائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگراں وزیر اعظم بنانے کیلئے ن لیگ سرگرم#ARYNews #IshaqDar pic.twitter.com/4a7dN77TNo
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) July 23, 2023
ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نجی نیوز چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے آخری ہفتے میں نگراں سیٹ اپ پر اتفاق ہو جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نام پر سب کا اتفاق ہو جائے تو وہ نگراں وزیر اعظم بن سکتے ہیں، نگراں سیٹ اپ میں جس کا بھی انتخاب ہوگا اتفاق رائے سے ہوگا۔