لاہور : این اے ایک سو بیس لاہور پر ضمنی انتخاب کی امیدوار کلثوم نواز کو کل الیکشن کمیشن نے کل طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این اےایک سو بیس لاہور پر ضمنی انتخاب کیلئے نامزدگی فارمز کی جانچ پڑتال کے آخری روز کل کلثوم نواز کا الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذاتِ نامزدگی پر دس اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز نےاقامہ لیا لیکن اس کا ذکر نہیں کیا، ٹیکس گوشواروں میں تنخواہ کا ذکر بھی نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن نے کلثوم نواز اور پی ٹی آئی کی یاسمین راشد کو کل بلالیا ہے، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل دوپہر 3 بجے ہوگی جبکہ تحریک انصاف کی امیدوارڈاکٹر یاسمین راشد کے کاغذات کی جانچ پڑتال کل دوپہر11بجے ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کل 17اگست سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی، جبکہ حتمی امیدواروں کی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائے گی ۔
مزید پڑھیں : این اے 120: کلثوم نواز کے کاغذاتِ نامزدگی پر 10 اعتراضات دائر
خیال رہے کہ نوازشریف کی نااہلی پرخالی ہونے والی این اے ایک سو بیس کی نشست پرضمنی انتخاب کا دنگل سترہ ستمبر کو ہوگا، ضمنی الیکشن کے لئے پینسٹھ امیدوار میدان میں ہیں ، ن لیگ کی کلثوم نواز اور نعمان بیگ، پی ٹی آئی کی یاسمین راشد اور عندلیب عباس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ماہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاناما پیپرز کے کیس میں نا اہل قرارد یا تھا جس کے بعد وہ اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے تھے۔ جس کے بعد مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم منتخب کرلیا تھا۔
سابق وزیراعظم کی نا اہلی کے سبب حلقہ این اے 120 سے ان کی پارلیمنٹ کی نشست بھی خالی ہوگئی، جس پر ضمنی انتخابات 45 دن کے اندر ہوں گے۔ مسلم لیگ ن نے اس نشست پر کلثوم نواز کو میدان میں اتارا ہے۔