لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخاب میں پاکستان کا فیصلہ ہوگا، لوگ ووٹ دے کر سب سے بڑے چور کا احتساب کرنے پرسپریم کورٹ کا شکریہ ادا کریں گے، نوازشریف کو ووٹ دینے والے پہلے بار بار سوچیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں قرطبہ چوک پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے اپنے خطاب میں سابق اناہل وزیر اعظم کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عدالت نے نوازشریف کو ثبوتوں کیلئے ایک سال دیا لیکن انہوں نے عدالتوں میں جھوٹ بولا اور جعلی کاغذات جمع کرائے۔
جھوٹ کے بعد قطری شہزادے کو لے کرآگئے، قطری شہزادہ خود ایک بہت بڑا فراڈ تھا، جب سپریم کورٹ نے اسے باہر نکال دیا تو یہ طاقتور ڈاکو جی ٹی روڈ پر معصومیت سے کہتا پھررہا تھا کہ مجھے کیوں نکالا؟
پاکستان میں کبھی کسی کمزور کو انصاف نہیں ملا
انہوں نے کہا کہ17ستمبر کو ہونے والا الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں ہے بلکہ این اے120کے انتخاب میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔ آج پاکستان کے کمزور طبقے کو پیغام دینے آیا ہوں۔
پاکستان میں کبھی کسی کمزور کو انصاف نہیں ملا، ہمیشہ طاقتور ناجائز کام کرتا اور بچ جاتا ہے لیکن سپریم کورٹ نے طاقتوروں کے خلاف فیصلہ دے کر قوم کو ایک بہترین پیغام دیا ہے۔ این اے120میں بڑےبڑےغنڈےہیں جوظلم کرتےہیں۔
ظالم لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے
آپ کاووٹ سپریم کورٹ کو مضبوط کرے گا، چاہتے ہیں ان ظالم لوگوں کو اسمبلیوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے، الیکشن کے بعد نیا پاکستان بننے جارہا ہے، آپ کا ووٹ فیصلہ کرے گا، پاکستان کس طرف جائے گا، این اے120میں الیکشن جیتنے کے بعد شاندار آتشبازی کریں گے۔
عوام ووٹ یاسمین راشد کوہی ووٹ دینگے
عمران خان نے پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کامقابلہ ریاست کےساتھ ہے، مریم نوازجو کچھ کرلیں، لاہورکے عوام ووٹ یاسمین راشد کوہی ووٹ دینگے، این اے120میں ڈسٹرکٹ ناظم اور پولیس مریم بی بی کی مدد کررہی ہے۔
نواز لیگ والے ووٹ مانگنے کیلئےآئیں توعوام ان سے پوچھے کہ ان کے بچےاربوں پتی کیسے بن گئے، ان کےپاس اربوں کےفلیٹ کہاں سےآگئے؟ عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر منتقل کیا گیا اورفلیٹس خریدے، نوازشریف کو ووٹ دینے والے ملک کا مستقبل تباہ کررہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا
عمران خان نے کہا کہ موٹرسائیکل پر گھومنے والااسحاق ڈار اربوں پتی کیسے بن گیا، اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا، اس شخص نے ملکی معیشت کے ساتھ وہ کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا، کوئی جنگ ہوجاتی تب بھی اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا۔
نیب ریفرنس کے بعد اسحاق ڈار کو اپنے عہدے سے استعفٰی دے دینا چاہئیے، کرپشن کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری تاریخ میں سب سےکم ہوگئی اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں، نیب کا چیئرمین خود ایک کرپٹ آدمی ہے، نیب کے چیئرمین کو اپنی چوری چھپانے کیلئےلایا گیا ہے۔