لاہور : حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 میں ضمنی انتخاب کا معرکہ کل ہو گا،اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔
این اے ایک سو بائیس سےچار سیاسی جماعتوں کے بارہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔پی پی ایک سو سینتالیس کے معرکےمیں بھی گیارہ امیدوارممبر اسمبلی بننے کے خواہشمند ہیں،دونوں نشستوں پر نون اور جنون کے درمیان سخت اور کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔
حلقہ این اے 122 میں کپتان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو کلین بولڈ کر کے ضمنی انتخاب کی راہ ہموار کی۔ الیکشن میں مسلم لیگ نون نے اپنے اسی گھوڑے پر ٹھپہ لگایا تو کپتان اپنے گیارہویں کھلاڑی عبدالعلیم خان کو میدان میں لے آئے۔
حلقے میں انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، فوج ، پولیس اورپولنگ سٹاف خزانہ گیٹ ہائی اسکول پہنچ گیاہے جہاں ان کی حاضری مکمل کرنے کے بعد انتخابی سامان کی ترسیل کی جائے گی، جبکہ اس موقع پرسیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اسکول کی عمارت کو چاروں اطراف سے خاردار تار لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ سامان کی ترسیل کے دوران پاک فوج کے جوان اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی ۔
پولنگ کے وقت پولنگ سٹیشنز کے اندراور باہر بھی پاک فوج اور پنجاب پولیس کے جوان تعینات ہونگے اور انتخابی نتائج آنے تک پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز پر تعینات رہیں گے۔
ضمنی الیکشن کے معرکے میں پیپلز پارٹی کے بیرسٹر عامر حسن بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں جبکہ کئی اور امیدوار بھی اس نشست سے فتح مند ہونے کے خواہاں ہیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ یہاں مقابلہ نون اور جنون کے درمیان ہو گا۔
این اے 122 میں 284 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ 3 لاکھ 47 ہزار 762 رجسٹرڈ ووٹرز نواز شریف کے سردار اور عمران کے خان کی قسمت کا فیصلہ کرینگے۔
پولنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور فوج کی نگرانی میں پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔