لاہور : لاہور کے اہم حلقے این اے 122 میں انتخابی مہم کا وقت آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این ایک سو بائیس کی سیٹ صرف سیٹ نہیں بلکہ دونوں جماعتوں کا سیاسی امتحان بھی ہے۔
این اے ایک سو بائیس کے بڑے معرکے کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی۔
تحریک انصاف آج قرطبہ چوک میں آخری جلسے کامیدان سجا رہی ہے۔ تو نون لیگ بھی آج ڈونگی گراؤنڈ میں اپنا پورا زور دکھارہی ہے۔
سیاسی پارہ بھی اپنی بلندیوں کو چھو رہا ہے، حلقے کےگلی کوچوں میں میلےکاسا سماں ہے۔ن لیگ کے رہنما کارکنوں کا خون گرما رہے ہیں ۔
پی ٹی آئی کے حامیوں کا جوش بھی کسی سے کم نہیں۔ کپتان بھی کھلاڑیوں کےساتھ میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی گڑھی شاہومیں انٹری دے کر اپنی موجودگی کا احساس جگایا ہے۔
اب کون رستم لاہور بنےگا اس کا فیصلہ گیارہ اکتوبر کی شام کو ہوگا۔ لیکن صرف این اے ایک سو بائیس ہی نہیں پورے لاہورکا سیاسی درجہ حرارت عروج پرپہنچ گیا ہے۔
علاوہ ازیں این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخابات میں پاک فوج کے تین ہزار سے زائد جوان انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان کل شام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ جائیں گے اور پولنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔
پولنگ کے دوران فوج تعینات کرنے کا مطالبہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جبکہ ضمنی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپوائی بھی فوج کی نگرانی میں کی گئی تھی۔