لاہور: حلقہ این اے 133 میں ریٹرننگ افسر نے ضمنی الیکشن کا حتمی نتیجہ تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 133 لاہور میں ضمنی انتخاب کا حتمی نتیجہ تیار ہو گیا، ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک 46 ہزار 811 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار دے دی گئیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے اسلم گل 32 ہزار 313 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے، جب کہ آزاد امیدوار حبیب اللہ 650 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔
یہ نشست ن لیگی ایم این اے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی، اور اب یہ نشست ان کی اہلیہ نے دوبارہ جیت لی۔
یاد رہے کہ اس حلقے میں ووٹنگ 5 دسمبر کو ہوئی تھی، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور کسی تعطل کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا تھا، حلقے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ تقریباً 18 فی صد رہا تھا۔
این اے 133 کے انتخاب میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا، تاہم ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل میں زوردار مقابلہ تھا۔
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمیشد اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ الیکشن سے باہر ہو چکے تھے، ان کے تجویز کنندہ کا ووٹ این اے 133 میں رجسٹرڈ نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہوگئے تھے۔