کراچی : ریٹرننگ افسر نے عمرکوٹ کے حلقے این اے 213 میں ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد فارم 47 جاری کردیا، جس میں پیپلز پارٹی کی صبا تالپور کامیاب قرار پائیں۔
تفصیلات کے مطابق این اے 213 عمرکوٹ ضمنی انتخاب کے نتائج کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے فارم 47 جاری کردیا گیا۔
ریٹرننگ افسر نے فارم 47 جاری کیا، فارم 47 کے مطابق پیپلز پارٹی کی صبا تالپور کامیاب قرار پائیں، آزاد امیدوار لالچند مالہی دوسرے نمبر پر رہے۔
صبا تالپور نے 1 لاکھ 61 ہزار 934 ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ لالچند مالہی 81 ہزار 160 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح فیصد 42.99 فیصد رہی۔
یاد رہے اپوزیشن نے ضمنی الیکشن کے نتائج مسترد کردیے اور کارکنوں نے ڈی آر او دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔
واضح رہے کہ عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہی۔
حلقے میں مجموعی طور پر 18امیدوار مد مقابل تھے، جس میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپور اور جی ڈے اے کے حمایت یافتہ امیدوار لال چند مالھی میں سخت مقابلہ رہا۔
خیال رہے این اے 213 عمر کوٹ کی نشست پیپلزپارٹی کے رہنما نواب یوسف تالپور کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔