کراچی: شہر قائد کے قومی اسمبلی کے انتخابی حلقے این اے 240 کورنگی II میں ضمنی انتخاب کے لیے اب تک مجموعی طور پر 77 نامزدگی فارم حاصل کیے جا چکے ہیں، جب کہ صرف ایک فارم جمع کرایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 240 کورنگی ٹو کے ضمنی انتخاب کے لیے صرف پیپلز پارٹی کے امیدوار نعیم شیخ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
دوسری طرف گزشتہ روز اتوار کو مسلم لیگ (ن) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں شامل ہو گئی ہیں۔
نامزدگی فارم لینے والی دیگر جماعتوں میں ایم کیو ایم، پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، مہاجر قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، پی ایس پی اور جی ڈی اے شامل ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کے مطابق کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کی کل آخری تاریخ ہے، امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 14 مئی تک جاری رہے گی۔
17 مئی تک منظور اور مسترد کاغذات پر اپیلیں کی جا سکیں گی، اور 21 مئی تک اپیلوں پر فیصلہ ہوگا، جب کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 24 مئی ہے، اور 25 مئی تک انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، اس نشست پر ضمنی انتخاب 16 جون کو ہوگا۔