کراچی کے حلقے این اے 240 ضمنی انتخاب کے دوران مبینہ طور پر کشیدگی میں ملوث دو سیکیورٹی گارڈز کو رینجرز نے حراست میں لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں این اے 240 میں ضمنی انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔
لانڈھی کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہونے کی صورت میں رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کردی گئی تھی جس کے بعد حالات معمول پر آگئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی میں ملوث سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لیا ہے جن کا تعلق ٹی ایل پی سے بتایا گیا ہے۔
این اے 240: لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی
ذرائع کے مطابق زیر حراست افراد سے اسلحہ برآمدد کرلیا گیا ہے، ویڈیو میں مبینہ طور پر دونوں گارڈز کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور ایک شخص ویڈیو میں کہتا ہے کہ مارو۔
خیال رہے کہ یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی و دیگر جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔