کوئٹہ: این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر عدالت عظمیٰ کے حکم پر دوبارہ ووٹنگ میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں ایک بار پھر شاہ زین بگٹی نے برتری حاصل کرلی۔
غیرسرکاری نتائج کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کو آزاد امیدوار طارق محمود پر برتری حاصل ہے۔ شاہ زین بگٹی نے مجموعی طور پر 29219 ووٹ حاصل کیے جبکہ میر طارق کھیتران 21421 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر ڈیرہ بگٹی میں این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوئی تھی۔ 29 پولنگ اسٹیشنز میں 111 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں 65 مردوں اور 46 خواتین ووٹرز کے لیے مخصوص تھے۔ کل ووٹرز کی تعداد 47 ہزار 269 تھی۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 259 میں الیکشن میں 31 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم نمایاں امیدواروں میں جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی، آزاد امیدوار طارق محمود کھیتران اور پیپلزپارٹی کے باز محمد کھیتران شامل تھے۔
یاد رہے عام انتخابات 2018 میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کےسربراہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے۔