اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ 262 کوئٹہ میں ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 262 کوئٹہ ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ 16 جنوری 2025 کو ہوگی، شیڈول کے مطابق 2 دسمبر کو کاغذات نامزدگی حاصل کیے جا سکیں گے۔
شیڈول میں بتایا گیا کہ 4 دسمبر سے 6 دسمبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، 7 دسمبر کو امیدواران کی حتمی لسٹ آویزاں ہوں گی جبکہ 24 دسمبر کو امیدواران کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 نومبر 2024 کو عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، انہیں فلور کراسنگ پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔
عادل بازئی کوئٹہ سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جبکہ انہوں نے کامیابی کے بعد پہلے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا تھا لیکن چند روز بعد انہوں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا۔
دوران سماعت عادل بازئی کے وکیل نے (ن) لیگ میں شمولیت کے بیانی حلفی کو جعلی قرار دیا تھا، تاہم فنانس بل اور آئینی ترمیم میں ووٹ نہ دینے پر نواز شریف نے ان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس جمع کروایا تھا۔