آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 44 اور این اے 265 پشین و زیارت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 44 جے یو آئی کے سربراہ کا حلقہ ہے، وہ ماضی میں بھی اس حلقے سے انتخابات میں حصہ لیتے رہے ہیں۔
اس بار کہا جارہا ہے کہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں دو نہیں 3 بڑی سیاسی جماعتوں میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
این اے 44 سے مولانا فضل الرحمان کے مد مقابل تحریک انصاف کے حمایت یافتہ علی امین گنڈا پور اور پاکستان پیپلز پارٹی سے فیصل کریم کنڈی ہیں، تینوں رہنماؤں میں سخت مقابلہ متوقع ہیں۔
این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدواروں کی فہرست
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ بھی تھے، جس نے 2023 ء میں قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے سے پہلے مرکز میں سولہ ماہ تک حکومت کی تھی۔
علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے دور میں وفاقی وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات رہ چکے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی بھی 2018 کے انتخابات اسی حلقے سے جیت چکے ہیں۔
سال 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کی جانب سے علی امین گنڈا پور نے جے یو آئی ف کے سربراہ فضل کو بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔