اسلام آباد : سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے تین لیگی امیدوار کی رکنیت معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور تینوں کی کامیابی برقرار رکھی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا ، فیصلے میں لیگی ارکان اسمبلی اظہرقیوم ، عبد الرحمان کانجو،ذوالفقار احمد کو بحال کردیا۔
سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا۔
عدالت نے دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں اظہر قیوم، عبد الرحمان کانجو اور ذوالفقاراحمد کی کامیابی برقرار رکھی اور لیگی امیداروں کی اپیلیں منظور کر لیں۔
سپریم کورٹ نے دو ایک کے تناسب سے فیصلہ سنایا ، جسٹس عقیل عباسی نے فیصلےسے اختلاف کیا، فیصلے کے بعد ن لیگ کو تین مزید سیٹیں مزید مل گئیں، اور اپوزیشن کی تین سیٹیں کم ہوگئیں۔
یاد رہے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت مکمل ہونے کےبعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عقیل احمد عباسی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ میں این اے79 گوجرانوالہ تھری، این اے 81 گوجرانوالہ فائیو اور این اے 154 لودھراں کے مختلف پولنگ اسٹیشنزمیں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق اپیلوں پرسماعت ہوئی تھی۔
ان حلقوں سے سنی اتحاد کونسل کے احسان اللہ ورک، چوہدری بلال اعجاز اور رانا محمد فراز نون منتخب ہوئے تھے۔