اسلام آباد: حکومت نے نمبر گیم پورا کرنے میں ناکامی پر وفاقی کابینہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کا وقت بار بار تبدیل کرنے کے بعد بالآخر کل 16 ستمبر 2024 تک ملتوی کر دیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت 11 بجے کے قریب شروع ہوا جس میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس معطل کرنے کی تحریک کی منظوری کے فوری بعد کل تک ملتوی کر دیا گیا۔ نئے وقت کے مطابق اجلاس 16 ستمبر دن ساڑھے بارہ بجے ہوگا۔
سینیٹ کا اجلاس بھی کل صبح ساڑھے 11 بجے طلب کر دیا گیا جبکہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی کل ہوگا۔
عدلیہ سے متعلق آئینی ترامیم کی پارلیمان سے منظوری اور نمبرز پورے کرنے کیلیے حکومتی ارکان دن بھر جوڑ توڑ میں مصروف رہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس جو صبح 11 بجے شروع ہونا تھا اس وقت تبدیل کر کے 3 بجے کیا گیا لیکن اس کے باوجود کابینہ اجلاس نہ ہو سکا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس صبح 11 گیارہ بجے بلایا گیا اور پھر وقت تبدیل کر کے شام 4 بجے کیا گیا لیکن 4 بجے بھی شروع نہ ہو سکا۔
اسی طرح سینیٹ کا اجلاس جو 11 بجے بلایا گیا وہ پہلے شام 4 بجے تک ملتوی ہوا، پھر وقت تبدیل کر کے پہلے شام 7 بجے کیا گیا بعد میں رات 10 بجے کر دیا گیا لیکن رات 10 بجے بھی اجلاس نہ ہو سکا۔