صوابی: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ضلع صوابی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی، وزیرِ اعظم کے 100 دن پلان پر مکمل عمل در آمد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں، ان کی ہر بات سنی جائے گی، اپوزیشن کے مطالبے پر ہی وزیرِ اعظم پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کریں گے۔
اسد قیصر نے مختلف منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ رشکئی انٹر چینج کے قریب اکنامک زون 2 سال میں مکمل ہوگا، اس معاشی زون کے قیام سے صوبے کے عوام کو روزگار ملے گا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر نے بتایا کہ سعودی سفیر سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے سلسلے میں بھی بات کی گئی، خیال رہے کہ سعودی وزیرِ اطلاعات عواد بن صالح العواد تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جو آج واپس چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ اور پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، وزیرِ اعظم کی ہدایت
ڈیم فنڈ کے حوالے سے اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی تنخواہ ڈیم کی تعمیر کے لیے دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا ’ہر پاکستانی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے۔‘
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے تمام وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیم فنڈ کے سلسلے میں اپنی اپنی سطح پر کام کو تیز تر کریں۔