اسلام آباد: نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کی نشست پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا، انتخابات لڑنے کے لیے 64 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں کلثوم نواز ،یاسمین راشد،فیصل میرسمیت دیگرنےکاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ نوازشریف نامی شخص نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ الیکشن کمیشن پنجاب میں کاغذات جمع کروانے نوازشریف کے والد کا نام محمد شریف اور بھائی کا نام شہباز شریف ہے۔
الیکشن کمیشن پنجاب میں حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 10 سے 12 اگست تک وصول کیے گئے جبکہ آج اس کی مدت ختم ہوگئی، ملک کی بڑی چھوٹی سیاسی جماعتیں الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جن میں مسلم لیگ ن کی کلثوم نواز اور حافظ نعمان، تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد اور عندلیب عباس، پی پی پی کے فیصل میر، زبیر کاردار، عزیزالرحمان چن اور ساجدہ میر جبکہ شہید بھٹو گروپ سے شکیل گیلانی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، جماعت اسلامی کے ذکراللہ مجاہد اور عوامی تحریک کے اشیتاق چوہدری نے بھی کاغذات جمع کروائے۔
پڑھیں: این اے 120ضمنی انتخاب، 25 ہزار نئے ووٹرز کا اضافہ
الیکشن کمیشن امیدواران کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 سے 17 اگست تک کی جائے گی جبکہ 21 اگست کو کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے حوالے سے اپیلیں سنی جائیں گی، 25 اگست تک امیدواران اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائے گی جبکہ حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات کی پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق تائید و تجویز کنندہ کا حلقے میں رہائشی ہونا ضروری ہے، نوازشریف کی عمر مقررہ حد سے کم ہے اس لیے اُن کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے جائیں گے۔