منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

نیب کی سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سمیت دیگر افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سمیت دیگر افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی، چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیب ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں سابق سیکرٹری آئی ٹی فاروق اعوان، سابق پی آئی اومحمدسلیم کے خلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی جبکہ سابق کمپنی سیکریٹری یونیورسل سروس فنڈحسن شیح، سی ای اومیسرزمڈاس پرائیوٹ لمیٹڈانعام اکبر کیخلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے وزارت آئی ٹی کے دیگرافسران کے خلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی۔

نیب اجلاس میں کہا گیا کہ جانچ پڑتال،انکوائریاں مبینہ الزامات پر شروع کی گئیں جو حتمی نہیں، نیب متعلقہ افراد سے بھی قانون کے مطابق مؤقف معلوم کرے گا۔

چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور پیپرا رولز کے برعکس اشتہاری مہم کا ٹھیکہ دینے کا الزام ہے، ملزمان نے قومی خزانے کو128.07ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

نیب اجلاس میں سابق وزیر بلدیات سندھ اویس مظفر ،سابق سیکریٹری لینڈیوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ، سابق سیکریٹری لینڈیوٹیلائزیشن غلام عباس کیخلاف انکوائری کی منظوری ، سابق چیف سیکریٹری سندھ راجہ عباس ودیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔

نیب کے مطابق ملزمان پر مبینہ طور پراختیارات کے ناجائز استعمال ، سیکڑوں ایکڑزمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے،ملزمان نے قومی خزانے کو 33 ہزارملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ایل ڈی اے افسران ، نیسپاک انتظامیہ ودیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پراورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ میں بدعنوانی کا الزام ہے جبکہ ملزمان نےقومی خزانے کو تقریباً 4ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

اجلاس میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور قادر و دیگر کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، ملزمان پرمبینہ طور پر بدعنوانی، سرکاری کاغذات میں ہیر پھیر کا الزام ہے جبکہ ملزمان نے مبینہ طور پر قومی خزانے کو 3ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

چیئرمین نیب نے کے پی آئل اینڈ گیس کمپنی کے افسران، اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی، ملزمان پر مبینہ طور پر تقرریاں، ملکی و بیرونی دوروں پر سرکاری فنڈز کے ضیاع کا الزام ہے۔

نیب کے مطابق ملزمان پر 142.4ملین روپے کا سافٹ وئیرمن پسند کمپنی سےخریدا، ان پر سافٹ ویئر زائد نرخوں پر خرید کراستعمال نہ کرنے کا بھی الزام ہے۔

نیب اجلاس میں وفاقی اردویونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر و دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی، ملزمان پرمن پسند اساتذہ، طلبا کو تعلیمی و ظائف دینے کا الزام ہے جبکہ ملزمان نے قومی خزانے کو115.673ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیونیشنل رولرسپورٹ راشد باجوہ، جی ایم آپریشنزڈی جی خان آغاعلی جواد و دیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پراختیارات کے ناجائز استعمال اوربدعنوانی اور قومی خزانے کو 482.785 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

اجلاس میں سابق وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم،عثمان عبدالکریم ، انس عبدالکریم، ڈاکٹر نجیب حیدر ودیگر کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی، ملزمان پرمبینہ طور پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے اور انڈس انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ کےداخلےکی مدمیں رقوم لینےکا الزام ہے۔

نیب نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ودیگر کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری بھی دی۔

نیب بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے، چیئرمین نیب 

چئیرمین نیب نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے ، نیب افسران کرپشن فری پاکستان کے لئے کاوشیں کررہے ہیں، شکایات، انکوائریوں کو شواہد پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب "احتساب سب کیلئے”کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہے ، نیب کی پہلی اورآخری وابستگی پاکستان اورعوام سے ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں