خیرپور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور قیصرامین بٹ کی پچھلے پندرہ سال سے پیرا گون میں شراکت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب) نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا، قیصر امین بٹ سندھ کے علاقہ خیر پور میں رو پوش تھے ، آج صبح نیب نے انہیں وہاں سے گرفتار کیا۔
پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکنیڈل کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں اور اس کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کے نام بھی قابل ذکر ہیں ، لیکن خواجہ برادران نے عدالت عالیہ سے گرفتاری کے خوف سے حفاظتی ضمانت کرا چکے ہیں۔
خیال رہے قیصر امین بٹ پرویز مشرف کے دور حکومت میں ایم پی اے اور راوی ٹاون کے ناظم رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب نیب لاہورمیں زیر تفتیش پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور نیب کے بلاوے پر گواہ نے اپنے تمام تر دستاویزی شواہد کے ساتھ تفتیشی آفسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، پیراگون سوسائٹی کے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیا۔
نیب لاہور کو بیان ریکارڈ کرانے والے شخص کا تعلق لاہور کے علاقے گلبرگ سے ہے، بیان ریکارڈ کرانے والا گواہ بیرون ملک مقیم بھی رہا ہے۔ بیان ریکارڈ کروانے والے گواہ کو سات نومبر کو خط لکھ کر طلب کیا تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب کے گواہ نے ڈپٹی ڈائریکٹرعہدہ کے تفتیشی آفسر کواپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے، گواہ کو خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، ندیم ضیاء، قیصرامین بٹ اور دیگر کے خلاف پیراگون ڈویلپرز کی مبینہ کرپشن پر جاری تحقیقات کے سلسلے طلب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔