کوئٹہ: نیب نے محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پر چھاپہ مار کر سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کو گرفتار کر کے دفتر سِیل کردیاگیا۔
اے آر وائی نیوز کے رپورٹر منظور احمد کے مطابق نیب نے آج محکمہ خزانہ بلوچستان کے دفتر پرچھاپہ مارکرسیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کوگرفتارکرلیا۔ چھاپےکےدوارن تمام دفتری ریکارڈزکو تحویل میں لے کردفترکوسِیل کردیاگیا۔
یاد رہے مشتاق احمد رئیسانی اس سے قبل دیگر محکموں میں بھی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اورگذشتہ آٹھ سال سے سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے عہدے پر براجمان ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری خزانہ پرلوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپوں کی خردبرد اوراختیارات کے ناجائز استعمال سمیت بدعنوانی کے دیگر الزامات ہیں۔
ترجمان نیب کے مطابق محکمہ خزانہ میں بے ضابطگیوں کے خلاف تین سال سے تحقیقات کا عمل جاری تھا۔آج ہو نے والی کاروائی مروجہ طریقہ کار اور شفافیت کے اصولوں کے تحت کی گئی۔جس کے لیے اسلام آباد میں حکام بالا کو پہلے ہی اعتماد میں بھی لیا گیا تھا۔
نیب حکام کے مطابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کو جلد احتساب عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ،جہاں نیب عدالت سےریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کرے گی۔
ان کی گرفتاری کے معاملے پر حکومتی اور سیاسی حلقے تاحال خاموش ہیں.صوبہ بلوچستان کے کئی کلیدی عہدوں پر کام کرنے والے مشاق احمد رئیسانی کے سابق و موجودہ بااثرحکومتی نمائندوں سے کافی اچھے تعلقات ہیں لیکن حکومتی و سیاسی حلقے ان کی گرفتاری پر تاحال خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔