اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

ریکوڈک کیس : نیب کا ایکشن ، 2 ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : ریکوڈک کیس میں نیب نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، راہداری ریمانڈ کے بعد ملزمان کونیب بلوچستان کےحوالے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ریکوڈک کیس میں نیب راولپنڈی نے ایکشن لیتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان شیرخان اورمحمدفاروق کواسلام آباد سےگرفتارکیاگیا۔

راہداری ریمانڈکےبعدملزمان کونیب بلوچستان کےحوالے کیا جائے گا ،چیئرمین نیب نےدونوں ملزمان کےوارنٹ گرفتاری جاری کئےتھے۔

یاد رہے قومی احتساب بیورو نے ریکوڈک منصوبوں میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر بلوچستان حکومت کے سابق عہدیداران سمیت چھبیس افراد کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، ریکارڈ کی چھان بین کےبعد ملزمان کیخلاف ناقابل تردید ثبوت جمع کئے گئے، ملزمان نے ذاتی مفاد کیلئے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ریفرنس کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ 1993ء میں بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور بروکن ہلز پروپرائٹری نامی آسٹریلوی کمپنی کے مابین چاغی ہلز ایکسپلوریشن جوائنٹ وینچر معاہدے کے بعد انہوں نے آسٹریلوی کمپنی کو غیرقانونی فائدہ پہنچایا۔

ریفرنس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ معاہدے کی شرائط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بلوچستان مائننگ کنسیشن قوانین میں غیرقانونی طریقے سے ترامیم کی گئیں، ذیلی معاہدات اور ٹیتھیان کاپر کے نام سے نئی کمپنی متعارف کرواکر اربوں روپے کے مالی فائدے حاصل کئے گئے۔

نیب کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ محکمہ مال بلوچستان کے افسران کی جانب سے زمین کی الاٹمنٹ اور دیگر امور میں بھی شدید بے قاعدگیاں کی گئیں، ٹیتھیان نامی کمپنی کی جانب سے سرکاری ملازمین کو اپنے فائدے کیلئے رشوت بھی دی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں