منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

نیب افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیئرمین نیب نے نیب افسران کےموبائل فون کے استعمال اور سرکاری اوقات میں پرائیویٹ مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ گریڈ 18 کے افسران کو یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ادارے کی بہتری کے لئے چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے نیب افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی جبکہ نیب میں گریڈ 18 کے افسران کو یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا۔

چیئرمین نیب جاویداقبال نے احکامات جاری کرتے ہوئے حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک نظام رائج کرنے کا حکم بھی دیا۔

- Advertisement -

اسی طرح سرکاری اوقات میں پرائیویٹ مہمانوں کی آمد اور ملاقات پر بھی پابندی ہو گی، مہمانوں کی نیب افسران سے صرف سرکاری کام کے سلسلے میں ملاقات ہو سکے گی۔

یاد رہے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب افسران کی اعلیٰ سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اس سے قبل ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے میڈیا کو انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا پر انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی تھی۔

خیال رہے چند روز قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب سزاؤں کے لیے قانون سازی نہیں کرتی یہ پارلیمنٹ کا کام ہے، اگر کرپشن پر سزائے موت کا قانون آیا تو ملک کی آبادی کم ہوجائے گی، ملک میں ادارے مضبوط ہیں، اپنا کام کر رہے ہیں، اچھاکام کرنیوالے ادارے کو سیاست میں ملوث کرنا ٹھیک نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں