لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو والدین کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع نیب کے مطابق جاوید لطیف کی والدہ کے نام کروڑوں روپے کے اثاثے ہیں،لیگی رہنما کی والدہ نے 10 کروڑ سے زائد اثاثہ جات بتا رکھے ہیں، اثاثوں میں ہرسال اضافہ ہوتا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف سے والدہ کی سورس آف انکم کی تفصیلات طلب کی ہیں، جاوید لطیف نے جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ والدہ کے نام اثاثوں سمیت طلب ریکارڈ کے لیے وقت درکار ہے، والدہ کی عمر زیادہ ہو چکی، تمام ریکارڈ جمع کرنے میں وقت لگے گا۔
جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا
اس سے قبل 14 جنوری کو مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا تھا۔