جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

آشیانہ اقبال اسکینڈل: نشاط چونیاں کے چیف ایگزیکٹو کی آج نیب طلبی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: آشیانہ اقبال کرپشن اسکینڈل سے متعلق نیب نے نشاط چونیاں کے چیف ایگزیکٹو شہزاد سلیم کو آج طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شہزاد سلیم کو گرفتار فواد حسن فواد کے بیان کی روشنی میں طلب کیا گیا، نیب نے اس سے قبل انہیں 13 اگست کو طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد نے شہزاد سلیم کو اربوں روپے کے فوائد دلوائے، سلیم شہزاد ملک کے معروف بزنس مین میاں منشا کے عزیز ہیں۔

یاد رہے کہ 5 جولائی کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، فواد حسن فواد پوچھ گچھ کے دوران تفتیشی افسران کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکے جس کے بعد انہیں قومی احتساب بیورو نے گرفتار کیا تھا۔


آشیانہ ہاؤسنگ کیس: فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز طلب


بعد ازاں اگلے ہی روز نیب نے فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے جج نے منظور کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ فواد حسن فواد کے غیرملکی اثاثے شہزاد سلیم کے پاس محفوظ ہیں، چونیاں پاور، نشاط پاور سے قومی خزانے کو 80 ارب کا نقصان پہنچایا، دونوں پاور پلانٹ نشاط گروپ کی ملکیت ہیں، دونوں پاور پلانٹس سے سالانہ 8 ارب روپے کا فراڈ ہوتا تھا۔

ذرائع نے یہ بھی کہا تھا کہ آئل فراڈ کی مد میں قومی خزانے کو 8 ارب کا سالانہ ٹیکا لگایا جارہا تھا، 200 میگاواٹ کے 2 آئی پی پیز پاور پلانٹ 2008 میں لگائے گئے تھے، پاور پلانٹس کی ایکویٹی تقریباً 3.6 ارب روپے زیادہ ظاہر کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں