بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

احتساب عدالت کا یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم دے دیا ہے ، یوسف رضا گیلانی پر اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال اور کرپشن کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا میں اس وقت وزیراعظم تھا، وزارت آئی ٹی کی تشہیر کےلیےاشتہارات کا ٹھیکہ دیا ، ٹھیکہ پیمرا رولز کے تحت دیا گیا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی، جس میں کہا گیا سیکیورٹی وجوہات پر پیش نہیں ہو سکتا، 4 دیگر مقدمات میں کراچی میں بھی پیش ہو رہا ہوں۔

جس پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کر دیا اور کہا وکیل نیب آئندہ سماعت پراستثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرائیں۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا مچلکے حاضری یقینی بنانے کے لیے جمع کرائے جائیں۔

احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی سمیت ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت آمد پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ عدالت نہیں آئے وہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں، ان کے علاوہ، نوازشریف، شاہدخاقان اور راجہ پرویز اشرف بھی آئیں گے۔

احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیمرا محمد سلیم سمیت سات ملزمان کو آج پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔

مزید پڑھیں : یوسف رضا گیلانی 26 ستمبر کو احتساب عدالت طلب

یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس درج کیا تھا۔

نیب حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے یو ایس ایف (یونیورسل سروس فنڈ) سے تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تشہری مہم چلائی، ملزمان کے اقدام سے قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق انفارمیشن سیکریٹری فاروق اعوان، سابق پبلک انفارمیشن آفیسر سلیم، حسن شیخو، حنیف اور ریاض پر بھی سابق وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کا الزام ہے۔

خیال رہے کہ نیب کی جانب سے یہ اقدام وزیرِ دفاع پرویز خٹک، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درّانی اور کراچی کے میئر وسیم اختر کے خلاف ایکشن کی منظوری دینے کے ایک دن بعد سامنے آیا تھا۔

واضح رہے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں منعقدہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 14 مختلف اہم افراد کے خلاف انکوائری کی منظوری دی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں