لاہور : نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگرملزریفرنس دائر کردیا، نیب نے الزام لگایا ہے کہ رمضان شوگرملز کے لئے دس کلومیٹر طویل نالا بنوایاگیا، شوگرملزکےلیےنالےکی تعمیر سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق کرپشن کیس میں پھنسی شریف فیملی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب نے احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس دائر کردیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ رمضان شوگرملزاس وقت کے وزیراعلیٰ اور خاندان کی ملکیت ہے، شوگرملز کے لیے9 سے10 کلومیٹر طویل نالہ تعمیر کیاگیا، دھوکا دہی سے نالے کی تعمیرکو مقامی آبادیوں کے لئے ضروری قرار دیاگیا اور نالے کی تعمیر رمضان شوگرملز کی نکاسی آب کےلئےکی گئی۔
[bs-quote quote=” تفتیش سےثابت ہواشہبازشریف نے رمضان شوگرملزکوفائدہ پہنچانے کے لئے اپنےاختیارات کاغلط استعمال کیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”نیب ریفرنس”][/bs-quote]
نیب کی جانب سے ریفرنس کے مطابق گزشتہ سال 4جولائی کو شہباز شریف اور ملزم انتظامیہ کیخلاف انکوائری شروع کی ، تفتیش سےثابت ہوا شہباز شریف نے رمضان شوگرملز کو فائدہ پہنچانے کے لئے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور خاندان کی مل کوفائدہ پہنچانے کے لئے عوامی مفادکانام دیا۔
ریفرنس میں کہا گیا شہباززشریف کےفیصلےسےسرکاری خزانے کو213 ملین کانقصان ہوا، سرکاری خزانے کا نقصان شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی ملی بھگت سے ہوا، اتنے شواہد موجود ہیں کہ ریفرنس دائر کیا تاکہ کیس چلایا جاسکے۔
نیب ریفرنس میں مزید کہا کہ حمزہ شہبازکےخلاف انکوائری جاری ہےمکمل ہونےپرریفرنس دائرکیاجائے گااور شہبازاورحمزہ کےخلاف ٹرائل جلدمکمل کرکےقانون کےمطابق سزادی جائے۔
نیب نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو نامزد کیا ہے۔
یاد رہے 2 فروری کو لاہور میں ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کے اجلاس میں رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : رمضان شوگر ملز کیس : نیب ریفرنس میں شہباز شریف اورحمزہ مرکزی ملزم نامزد
ریفرنس میں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا، ملزمان پر مبینہ طور پر21کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقات جاری تھیں۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے۔
خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر برا جمان شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز کا سامنا ہے، لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اوررمضان شوگرملزکیس میں شہبازشریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے 1 ،1 کروڑ روپے مچلکے جمع کرانے اور رہائی کا حکم دیا تھا جبکہ حمزہ شہباز بیٹی کی خراب طبیعت کے باعث لندن میں ہیں۔