راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کےغلط استعمال اور پروجیکٹ سات سو تیس ملین سے تین ارب تک پہنچانے کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردی، ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔
ریفرنس میں احسن اقبال،سابق ڈی جی اختر نواز،سرفراز رسول نامزد کیا گیا ہے جبکہ آصف شیخ اور محمد احمد بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔
ریفرنس میں کہا گیا کہ احسن اقبال نے اختیارات کاناجائزاستعمال ،بجٹ میں اضافہ کرایا، پراجیکٹ 34.75ملین سے 2994ملین روپے تک پہنچایا گیا۔
ریفرنس کے متن کے مطابق احسن اقبال نے غیر قانونی طور پر صوبائی پراجیکٹ کو ہائی جیک کیا، 730ملین کا پراجیکٹ 3ارب تک پہنچایا،وفاق کاپیسہ لگایاگیا، یہ پراجیکٹ پنجاب حکومت نے مکمل کرنا تھا۔
یاد رہے رواں سال اگست میں نارووال سپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے چئیرمین نیب کو ارسال کیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نواز شریف کےدوسرے دور 1998میں شروع کیاگیا ،احسن اقبال نےنارووال اسپورٹس سٹی بڑھا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔
احسن اقبال نےصوبائی حکومت کےمنصوبے کوہائی جیک کرکےاضافی فنڈخرچ کیے، انھوں نے بطوروزیرمنصوبہ بندی تمام قوانین کوجان بوجھ کر توڑا اور سیاسی مفادات کے لیےکروڑوں کا پروجیکٹ اربوں تک پہنچا دیا گیا۔