لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، نیب حکام نے شہباز شریف حمزہ شہباز اور سلمان شہباز سمیت سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔
نیب حکام کی جانب سے ریفرنس احتساب عدالت کے ایڈمن جج کی عدالت میں دائر کیا گیا، ریفرنس میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز ، نصرت شہباز سمیت سولہ افراد کو نامزد کیا گیا۔
شہباز شریف سمیت 16 ملزمان کے خلاف ریفرنس 55 جلدوں پر مشتمل ہے، کیس میں چار ملزمان وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں ، جن میں شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق اور آفتاب محمود شامل ہیں ۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف فیملی نے ملازمین اور قریبی دوستوں کی مدد سے اربوں کی منی لانڈرنگ کی اور کالا دھن سفید کیا اور اسی پیسے سے پاکستان میں جائیدادیں بنائی گئیں۔
یاد رہے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی کو منظور پاپڑ فروش کے نام پر رقوم منتقلی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی تھیں، نیب دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ منظور پاپڑ فروش کے نام سے 1 کروڑ 60 لاکھ 86 ہزار 435 امریکن ڈالڑز منتقل ہوئے، 12 ٹرانزیکشن پر مشتمل ڈالرز پاکستانی روپوں میں 8 کروڑ 8 لاکھ 26 ہزار 141 روپے بنتے ہیں۔
نیب کا کہنا تھا کہ منظور پاپڑ والے کے نام سے 12 ٹرانزیکشن 2007 اور 2008 میں ہوئیں، ٹرانزیکشن سلمان شہباز، حمزہ شہبازاور رابعہ عمران کے اکاونٹس میں ہوئیں۔