لاہور : قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی، ٹیم منی لانڈرنگ ریفرنس میں پیش ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کی خصوصی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی گئی، نیب لاہورنے منی لانڈرنگ ریفرنس کے لیے 2رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دی۔
ٹیم اسپیشل پراسیکیوٹر نیب بیرسٹرعثمان جی راشد کی سربراہی میں تشکیل دی گئی جبکہ نیب پراسیکیوٹرعاصم ممتازپراسیکیوشن ٹیم کاحصہ ہوں گے۔
پراسیکیوشن ٹیم شہبازشریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں پیش ہوگی۔
خیال رہے نیب لاہورنےشہباز شریف فیملی کےخلاف 7ارب سےزائدکاریفرنس دائر کر رکھا ہے، ریفرنس میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز ، نصرت شہباز سمیت سولہ افراد کو نامزد کیا گیا۔
شہباز شریف سمیت 16 ملزمان کے خلاف ریفرنس 55 جلدوں پر مشتمل ہے، کیس میں چار ملزمان وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں ، جن میں شاہد رفیق ،یاسر مشتاق ،محمد مشتاق اور آفتاب محمود شامل ہیں ۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف فیملی نے ملازمین اور قریبی دوستوں کی مدد سے اربوں کی منی لانڈرنگ کی اور کالا دھن سفید کیا اور اسی پیسے سے پاکستان میں جائیدادیں بنائی گئیں۔