لاہور : نیب نے پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا مشہود کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے، ان پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔۔۔
کرپٹ سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، چئیرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے. پنجاب کےوزیر رانا مشہود تحقیقات کی زد میں آگئے، نیب کے مطابق رانا مشہود کے خلاف اسپورٹس فیسٹیول میں کرپشن اور اختیارا ت کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں، ساتھ ہی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکریٹری شاہد رفیع کے خلاف بھی دوپاورکمپنیوں میں کرپشن الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمرشل پلاٹ کی خلاف ضابطہ فروخت پر سی ڈی اے اور ایف بی آر کےافسروں کےخلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اوکاڑہ بائی پاس پراجیکٹ میں بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسروں کےخلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا، نیب کے مطابق سابق اسپیشل اسسٹنٹ سید معصوم شاہ کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔