اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث مافیا تفتیش کرنےوالےنیب افسران کودھمکیاں دینے لگا ، نیب نے دھمکیوں سےمتعلق حکومت سے فوری رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملوث مافیا کی دھمکیاں دینے کا انکشاف سامنے آگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ مافیا کی جانب سے تفتیش کرنے والے نیب افسران کودھمکیاں دی جانےلگیں، نیب افسران نے حکام کو دھمکیاں دینے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
جعلی اکاؤنٹس کیس کےگواہان کو بھی ہراساں کیےجانے کا انکشاف ہوا ، کیس سے تعلق رکھنے والےگواہان نے نیب سے بذریعہ خط رابطہ کیا ، خط میں اومنی گروپ کی جانب سےدھمکیاں دینےکاذکرہے اور کہا گیا متعددگواہان کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں۔
نیب نے دھمکیوں سے متعلق حکومت سے فوری رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گواہان کومکمل تحفظ دینےکےلئےحکومت کو خط لکھا جائےگا۔
مزید پڑھیں : زرداری، فریال تالپور اور شاہدخاقان کوگرفتار کرنے والے نیب افیسر کو ہراساں کرنےکاانکشاف
یاد رہے چند روز قبل مشکوک گاڑی کااہم شخصیات کی گرفتاری والے نیب افسر کا پیچھا کرنے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد اسلام آباد پولیس کو ڈپٹی ڈائریکٹر اسد جنجوعہ کو ہراساں کرنے سے آگاہ کردیاگیا۔
ذرائع کے مطابق مشکوک گاڑی دفتر سےگھر جاتے ہوئے نیب افسرکاپیچھا کرتی رہی، پیچھا کرنے والی کالے شیشوں والی گاڑی کا نمبر اے اے جی سات سو بارہ ہے۔
اسد جنجوعہ نے آصف زرداری، فریال تالپور اور شاہدخاقان عباسی کوگرفتارکیا تھا، ذرائع کے مطابق اسد جنجوعہ نیب راولپنڈی کی چھاپہ مار ٹیم کے سربراہ ہیں۔