ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

نیب میں پیش نہ ہونے کے بعد اسحٰق ڈار کا معاملہ نگران جج کے سپرد کرنے کا امکان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج بھی نیب حکام کے سامنے پیش نہیں ہوئے، وہ وزیر اعظم خاقان عباسی کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ نیب حکام ممکنہ طور پر مزید سمن جاری کرنے کے بجائے معاملہ نگرانی پر معمور جج کے سپرد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے طلبی کے 3 نوٹسز پر پیش نہ ہونے کے باوجود انہیں چوتھا سمن بھی جاری کیا گیا، لیکن وہ آج بھی نیب میں پیش نہیں ہوئے۔

نیب حکام نے آج چوتھا سمن جاری کرتے ہوئے اسحٰق ڈار اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع کو بلایا تھا لیکن اسحٰق ڈار وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ سعودی عرب چلے گئے۔

اسحٰق ڈار کے نیب میں پیش نہ ہونے کے بعد ذرائع کے مطابق نیب اب وزیر خزانہ کو پیشی کا سمن جاری کیے جانے کے بجائے تحقیقات کی نگرانی کے لیے مقرر جج جسٹس اعجاز الاحسن کو رپورٹ کرے گا۔


ایس ای سی پی کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی

دوسری جانب سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی کمپنیز کا ریکارڈ نیب لاہور میں جمع کروا دیا۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے آج ایس ای سی پی افسران کو طلب کیا تھا جس کے بعد افسران نے پیش ہو کر اسحٰق ڈار کی کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کرایا۔

ذرائع کے مطابق ایس ای سی پی نے اسحٰق ڈار کی 7 کمپنیوں سی این جی پاکستان لمیٹڈ، گلف انشورنس، اسپینسر ڈسٹری بیوشن لمیٹڈ، ہجویری مضاربہ مینجمنٹ، ہجویری ہولڈنگز اور ایچ ایس ڈی سیکیورٹیز کا ریکارڈ فراہم کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے اسحٰق ڈار، ان کی اہلیہ، ان کے بیٹوں، علی، مجتبیٰ اور بہو اسما ڈار کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بینکوں سے طلب کی تھیں۔

مزید پڑھیں: اسحٰق ڈار اور ان کے اہلخانہ کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

گزشتہ ہفتے نیب حکام کی جانب سے اسحٰق ڈار کی اہلیہ کے اکاؤنٹس کی مکمل معلومات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ نیب کا کہنا ہے کہ تمام افراد کے لاکرز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

اس سلسلے میں نیب نے مختلف بینکوں اور ایس ای سی پی کو خط لکھا تھا جس کے جواب میں آج ایس ای سی پی نے مطلوبہ دستاویزات جمع کروا دی ہیں۔


اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں