لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں نیب کی چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں بتایا گیا شہباز شریف نے بیوی بچوں سے کروڑوں روپے بطور نقد تحفہ وصول کیے، بھاری مالیت کے نقد تحفوں پر پوچھ گچھ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ انکوائری میں اہم پیش رفت سامنے آئی، نیب دستاویزات میں بتایا گیا شہباز شریف نے بیوی بچوں سے کروڑوں بطور نقد تحفہ وصول کیے ، شہباز شریف نے اہلخانہ سے 10 سال میں 4 کروڑ 27 لاکھ 46 ہزار678 وصول کیے۔
نیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے بیٹے حمزہ سے 2008 میں ایک کروڑ59 لاکھ 95 ہزار 338 ، نصرت شہباز سے 10-2009 میں 73 لاکھ 50 ہزار تحفے میں وصول کیے جبکہ2017 سے2019 تک سلمان شہباز سےایک کروڑ 94 لاکھ 1340وصول ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق شہباز شریف کو رقوم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی، شہباز شریف سے نقدموصول رقوم سےمتعلق تفتیش درکار ہے، نقدتحائف کی صورت میں موصول آمدن سےمتعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔
نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، نصرت شہباز اور سلمان شہباز کا بینکنگ ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : 7 ارب سے زائد اثاثے، نیب نے شہباز خاندان کیخلاف اہم شواہد حاصل کرلئے
یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز فیملی کیخلاف 7 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ کے شواہد حاصل کرلیے تھے، دستاویز میں بتایا گیا تھا کہ 7 ارب 17کروڑ50لاکھ آمدن سے زائد اثاثے ،منی لانڈرنگ سے بنائے گئے جبکہ فیک لونز، ریمنٹنس، پےآڈرز اور تحائف سے 5 ارب 96کروڑ 90لاکھ کی رقم بنائی گئی۔
نیب کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش اثاثوں میں غیر یقینی اضافے پرشہباز فیملی مطمئن نہیں کرسکی، پلاٹس،گھر،زرعی زمین،غیر ملکی فلیٹس کی مد میں61 کروڑ 98لاکھ اثاثےبنائےگئے جبکہ فیکٹریوں،پولٹری،لونز،ٹریڈنگ،بےنامی کمپنیوں سے2ارب40 کروڑ بنائےگئے۔
ذرائع نیب کے مطابق شہباز شریف، نصرت شہباز،سلمان ،حمزہ کے غیر قانونی اثاثوں کےشواہد اکٹھےکئے، حمزہ شہباز رابعہ عمران جوریہ علی سے متعلق بھی شواہد حاصل کئے ہیں۔
نیب دستاویز میں بتایا گیا کہ قاسم قیوم، شعیب قمر،مسرورانور،فضل دادعباسی، محمدعثمان،شاہدرفیق،آفتاب محمود،نثاراحمد،علی احمد کو ریفرنس میں نامزدکیا جائے گا۔