اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ چیلنج کرنے کی تیاری کر لی.
تفصیلات کے مطابق نیب کی قانونی ٹیم العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ چیلنج کرے گی. نیب کی جانب سے اپیل کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکیے جانے کا امکان ہے.
نیب ذرائع کے مطابق اپیل میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو شواہد کے باوجود کم سزا سنائی، نیب اپنی درخواست میں نوازشریف کی سزا بڑھانے کی استدعا کرے گا.
نیب نےفلیگ شپ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف بھی اپیل تیار کرلی، فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کیخلاف اپیل بھی کل دائر کیے جانے کا امکان ہے.
مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس پر فیصلے کے خلاف نواز شریف نے اپیل دائر کردی
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ریفرنس پر فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے، نواز شریف کے وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے، خواجہ حارث اور ان کی ٹیم نے اپیل کے لیے درخواست تیار کی۔
درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں ہمارا مؤقف نہیں سنا گیا، احتساب عدالت کے حکم نامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔