کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ثبوت پیش کرنے میں ناکامی پر احتساب عدالت نے پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت نے فیصلہ سنا دیا، عدالت میں آج مارکیٹ ریٹ سے کم دام میں مال فروخت کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ سمیت 13 ملزمان کو بری کر دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا نیب پراسکیوشن ملزمان کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
نیب دستاویزات کے مطابق ملزم سابق چیئرمین پر کرپشن کی مد میں 1 ارب 21 کروڑ سے زائد روپے کرپشن کا الزام تھا، واضح رہے کہ سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب اب تک 6 ریفرنسوں میں بری ہو چکے ہیں۔
نیب دستاویزات کے مطابق ملزمان میں سابق ڈائریکٹر کمرشل ممبر اسٹیل مل ثمین اصغر، ڈیلر سکندر علی جتوئی، بدر الدین اکبر، محمود علی بھی شامل ہیں۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ان ملزمان کے خلاف 2012 میں ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی تھی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تو کرپشن انکوائری ایف آئی اے سے نیب منتقل کر دی گئی۔
ایڈووکیٹ شاہنواز ڈاہری نے بتایا کہ نیب کو یہ کیس لیے 10 سال ہو چکے ہیں، لیکن ان دس برسوں میں تاحال نیب نے کوئی ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا، نیب کی وجہ سے ملزمان عدالتوں کے چکر کاٹتے رہے۔