اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، 22 ماہ میں 600 بدعنوانی کے ریفرنس دائر ہوئے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، بدعنوان عناصر کو عدالتوں سے سزا دلوانے کی مجموعی شرح 70 فیصد ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیب فیس نہیں بلکہ کیس دیکھنے کی پالیسی پر عمل یپرا ہے، قومی احتساب بیورو نے گزشتہ 22 ماہ کے دوران 71 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے۔ْ چیئرمین نیب نے بتایا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزسے اربوں روپے برآمد کر کے متاثرین کو واپس کردیے گئے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈائریکٹرز جنرل نیب کو ہدایات جاری کی ہیں جبکہ 1210بدعنوانی کےریفرنس احتساب عدالتوں میں زیرالتواء ہیں جن کی جلد سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔