راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے نام پر فراڈ کرنے والے آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی کے سی ای او آدم امین چوہدری کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کیخلاف نیب راولپنڈی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرمایہ کاری کےنام پر فراڈ کرنے والے ملزم آدم امین چوہدری کو گرفتار کرلیا۔
نیب نے بتایا کہ آدم امین آل پاکستان پراجیکٹ نامی فراڈکمپنی کےسی ای اوہیں، انھوں نے عوام کو پرکشش منافع کی لالچ دیکر اربوں لوٹے جبکہ فراڈ میں شامل دیگر ملزمان کیخلاف نیب کے چھاپے جاری ہے۔
نیب نے بی فور یو نامی کمپنی کے مالک سیف الرحمان کودوبارہ طلب کرلیا ، سیف الرحمان کونیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم پیشی پر قانون کے تحت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بی فوریواور پاکستان پروجیکٹ کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کیلئے بینک کو خط ارسال کردیا ہے ، بی فور یو کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے موجود ہیں۔
آل پاکستان پروجیکٹ کمپنی پرسرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کا الزام ہے ، سرمایہ کاری کےنام پرتقریباً50ارب روپے لوٹے گئے۔
نیب نے کہا ہے کہ آل پاکستان پروجیکٹ میں جمع پونجی لٹانے والے افراد نیب راولپنڈی سےرابطہ کریں، عوام پر کشش منافع کے لالچ اور بھاری انعامات دینے والی کمپنیوں سے دور رہے، آل پاکستان پروجیکٹ کمپنی نےعوام سے کچھ ہی ماہ میں کروڑوں روپے بٹورلیے۔