اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس دوبارہ کھل گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے نیب ترمیمی ایکٹ کے فیصلے کے بعد عملدرآمد کے معاملے پر احتساب عدالت میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔
اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس دوبارہ کھل گیا، احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو 10اکتوبر کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کی طلبی کا سمن جاری کردیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلےسے قبل نیب ترمیمی ایکٹ کے تحت عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف کیس واپس نیب کو بھیج دیا تھا۔
یاد رہے سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کی بعض شقیں کالعدم قرار دیں تھیں، عدالت نے فیصلے دیا تھا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے تمام افراد کے مقدمات بحال کیے جاتے ہیں۔
فیصلے میں عدالت نے 50 کروڑ کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کردیے تھے اور نیب کو سات دن میں تمام ریکارڈ متعلقہ عدالتوں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔