اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اسحاق ڈار کے خلاف نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، اسحاق ڈار اور ان کے بچوں کی جائیداد کا مکمل ریکارڈ حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس اسلام آباد کے احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، اس حوالے سے نیب نے اب دبئی میں موجود سابق وزیر خزانہ اور ان کے بچوں کی جائیداد کا مکمل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے بیٹوں نے دبئی کی جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے وہ کاروباری کمپنیز سے رابطہ کر رہے ہیں تاکہ پراپرٹی جلد سے جلد فروخت کی جاسکے۔
اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی
ذرائع کا کہنا ہے اسحاق ڈار کے بیٹوں نے کمپنیوں کو جائیداد کی فروخت کے لیے پرکشش پیشکش بھی ہے تاہم نیب کی جانب سے ان کے بچوں کی خفیہ مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں عدالت نے اسحاق ڈار کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی تھی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کا حکم برقرار رکھا تھا۔
اسحاق ڈار کےخلاف ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور
یاد رہے کہ 20 مارچ کو سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس میں ملزم سعید احمد کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کردی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 26 فروری کو نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا جس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد خان سمیت 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔