لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز 23 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ 96 ماڈل ٹاؤن سمیت تین گھر بھی ان کی ملکیت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب ) نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی جائیدادوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کروا دیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نصرت شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 23 کروڑ روپے سے زائد ہے اور وہ مجموعی طور پر 8 سو 18 کنال زرعی اراضی کی مالک ہیں جبکہ 96 ماڈل ٹاؤن سمیت تین گھر بھی ان کی ملکیت ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نصرت شہباز کی زرعی اراضی قصور سمیت مختلف اضلاع میں واقع ہے، ان کے 8 مختلف کمپنیوں میں 76 ہزار 9 سو شیئرز ہیں جبکہ مختلف بینکوں میں ان کی گیارہ لاکھ روپے سے زائد رقم بھی موجود ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب ) نے رپورٹ میں بتایا کہ نصرت شہباز کی جیولری کی مالیت 7 لاکھ پچاس ہزار روپے ہے۔