راولپنڈی: کرپشن کے خلاف نیب راولپنڈی کو ایک اور کامیابی مل گئی، سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے، احتساب عدالت نے4 ملزمان کو 14،14 سال قید اور کروڑوں روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سزا پانے والوں میں خالد وارثی، محمدافضل، شبیرحسین اور محمد نعیم شامل ہے۔ چاروں ملزمان کو 30،30کروڑ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی گئی۔
ملزمان کے خلاف نیب کو 800 سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں، نیب راولپنڈی نے 2016 میں ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ ملزمان نے کر سٹل ایسوسی ایٹ نامی کمپنی بنا کر عوام سے فراڈ کیا۔
جرم ثابت ہونے پر احتساب عدالت راولپنڈی نے سزا کا فیصلہ سنایا۔
نیب راولپنڈی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ، 94 ارب روپے وصول
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی نیب راولپنڈی ریجن کے لیے بہت اہم ثابت ہوا تھا کیونکہ مختلف مقدمات میں ملزمان سے جرمانے اور پلی بارگین کے عوض تاریخی وصولیاں کی گئیں۔
قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے سال 2019 کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ رواں برس کے دوران 94 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی جبکہ متعدد اہم سیاسی شخصیات کو مختلف بدعنوانی کے مقدمات اور ریفرنسز دائر ہونے پر گرفتار بھی کیا گیا۔