لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو آج پھر طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز آج نیب کے سامنے پیش ہوں گے، انہیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز کوسہ پہر3 بجے نیب میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اس سے قبل بھی نیب کے سامنے اسی کیس میں پیش ہو چکے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز گزشتہ ہفتے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے، حمزہ شہباز سے مجموعی طور پر 8 سوالات پوچھے گئے تھے۔
اس سے قبل 12 اپریل کو زائداثاثے اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے تاہم انھوں نے نامکمل ریکارڈ اور سوالات کےجوابات تسلی بخش نہیں دیے تھے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مالی معاملات سلمان شہباز دیکھتےہیں، میں صرف سیاسی معاملات دیکھتاہوں۔
واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے دو بار حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔
نیب نے اعلامیے میں کہا تھا کہ نیب لاہور کی ٹیم حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتاری کے لیے گئی تھی تاہم حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ حمزہ شہباز کے محافظوں نے نیب اہلکاروں کو دھمکیاں دیں۔