ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

اسحٰق ڈار کو نیب میں طلبی کا تیسرا سمن جاری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نیب نے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو تیسرا سمن جاری کر دیا۔ وزیر خزانہ اس سے قبل پیشی کے 2 سمن نظر انداز کر چکے ہیں۔ تیسرا بھی نظر انداز کیا گیا تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما لیکس کی تحقیقات میں مصروف نیب نے اسحٰق ڈار کو ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں منگل کے دن پیشی کے لیے تیسرا سمن جاری کر دیا۔

اسحٰق ڈار پہلے ہی نیب کے 2 سمن نظر انداز کر چکے ہیں۔ تیسرے بلاوے پر بھی پیش نہ ہوئے تو عدالت گرفتار کر کے پیش کرنے کاحکم دے سکتی ہے۔

اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی نیب کی جانب سے 2 بار طلب کیے گئے تاہم دونوں بار شریف خاندان کے افراد نے نیب کے سامنے پیش ہونا گوارا نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے اسحٰق ڈار، ان کی اہلیہ، ان کے بیٹوں، علی، مجتبیٰ اور بہو اسما ڈار کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بینکوں سے طلب کی تھیں۔

مزید پڑھیں: اسحٰق ڈار اور ان کے اہلخانہ کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

گزشتہ ہفتے نیب حکام کی جانب سے اسحٰق ڈار کی اہلیہ کے اکاؤنٹس کی مکمل معلومات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ نیب کا کہنا ہے کہ تمام افراد کے لاکرز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

اس سلسلے میں نیب نے مختلف بینکوں اور ایس ای سی پی کو خط لکھا ہے۔

ایس ای سی پی کو لکھے گئے خط میں ڈار خاندان کی 8 کمپنیوں سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں جن میں سی این جی پاکستان لمیٹڈ، اسپینسر ڈسٹری بیوشن لمیٹڈ، ہجویری ہولڈنگز، گلف انشورنس، ایچ ایس ڈی سیکیورٹیز، اسپینسر فارمیسی اور ہجویری مضاربہ مینجمنٹ کمپنی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کے فیصلے میں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لیے نا اہل قرار دیتے ہوئے شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔


 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں