لاہور : کینٹ ہاوسنگ سو سائٹی سیالکوٹ کیس میں مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کر لی، جس کے بعد نیب نے خواجہ آصف کو دوبارہ 3 جولائی کو طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق کینٹ ویو ہاوسنگ سوسائٹی سیالکوٹ اسکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کے باعث نیب لاہور میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔
خواجہ آصف کے وکیل نے نیب میں پیش ہو کر جواب جمع کرا دیا، خواجہ آصف کے وکیل چوہدری نجم الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب کو تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کروا دی ہیں، بجٹ سیشن میں مصروفیات کے باعث خواجہ آصف نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کی ہے۔نیب نے تمام مطلوبہ دستاویزات رکھ لیں ہیں۔ پیشی کی نئی تاریخ نہیں دی ہے۔
چوہدری نجم الحسن کا کہنا تھا کہ کینٹ ویو ہاوسنگ سوسائٹی میں خواجہ آصف کا بیٹا شیئر ہولڈر ہے، اداروں کا ہمیشہ احترام کیا ہے۔بجٹ سیشن کے بعد خواجہ آصف پیش ہوں گے۔
نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے موجودہ زمین سے زیادہ فروخت کر دی،خواجہ آصف پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا بھی الزام ہے۔خواجہ آصف نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہاؤسنگ سوسائٹی کےلیے ایک سو سینتیس کنال راضی پر مبینہ طور قبضہ کر کہ غیرقانونی فروخت کاالزام ہے۔ خواجہ آصف کی اہلیہ، بیٹے اور سابق میئرسیالکوٹ توحید اختر چودھری کو بھی شامل تفتیش کیا جا چکا ہے۔
نیب کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو دوبارہ تمام مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ تین جولائی کو طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے خواجہ آصف پراختیارات سےتجاوزکرنےکا الزام ہے جبکہ کیس میں خواجہ آصف کے اہلخانہ بھی نامزدہیں، ان کے اہلخانہ پہلےہی بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔