پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر امیر مقام کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کر لیا۔ لیگی رہنما کو 24 فروری کو طلبی کا سمن جاری کیا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امیر مقام 24 فروری کو نیب خیبرپختونخوا میں پیش ہوں۔
اس سے قبل بھی اسی کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما کو طلب کیا گیا تھا مگر وہ نیب حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی تفتیشی ٹیم امیر مقام سے اثاثہ جات کیس میں مزید تفتیش کرے گی اور اس حوالے سے ایک سوال نامہ تیار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی امیر مقام سے تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔
یاد رہے امیر مقام کے صاحبزادے کو کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا جو بعد میں ضمانت پر رہا ہوگئے تھے۔